ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرکز کے کہنے پر گرائی گئی کمل ناتھ حکومت! وزیر اعلیٰ شیوراج کا مبینہ آڈیو وائرل

مرکز کے کہنے پر گرائی گئی کمل ناتھ حکومت! وزیر اعلیٰ شیوراج کا مبینہ آڈیو وائرل

Thu, 11 Jun 2020 11:34:35    S.O. News Service

نئی دہلی،11؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے مدھیہ پردیش کی کمل ناتھ حکومت بی جے پی کے مرکزی لیڈران کے کہنے پر گرائی گئی تھی۔ ایسا ہم نہیں کہہ رہے ہیں بلکہ ریاست کے موجودہ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو ایک آڈیو کلپ میں مبینہ طور پر کہتے ہوئے سنا گیا ہے۔ حالانکہ اس آڈیو کلپ کی تصدیق نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی قومی آواز اس کی تصدیق کرتا ہے۔

میڈیا میں چل رہی خبروں کے مطابق اس آڈیو کلپ میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ "مرکزی قیادت نے طے کیا کہ حکومت گرنی چاہیے، نہیں تو یہ سب کچھ برباد کر دے گی۔ مجھے بتاؤ کہ کیا جیوترادتیہ سندھیا اور تلسی بھائی کے بغیر حکومت گر سکتی تھی؟ کوئی طریقہ نہیں تھا۔"

اس مبینہ آڈیو کلپ کے وائرل ہونے پر کانگریس نے بی جے پی پر زوردار حملہ کیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان نریندر سلوجا نے کہا کہ بی جے پی شروع سے ہی کانگریس کے الزامات کو مسترد کرتی رہی جب کہ سبھی نے دیکھا کہ جو اراکین اسمبلی بنگلورو میں یرغمال بنائے گئے، ان کے ساتھ بی جے پی لیڈر بھی موجود تھے۔ ان کی تصویریں بھی سامنے آئیں لیکن کل تو ریاست کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے خود اندور کے ریسیڈنسی کوٹھی میں سانویر کے کارکنان کی ایک میٹنگ میں برسرعام اس بات کا اعتراف کر کانگریس کے ان الزامات پر مہر لگا دی۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ اب تصدیق ہو گئی ہے کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت بھی اس سازش کا حصہ تھی۔ نریندر سلوجا نے کہا کہ قصداً کانگریس حکومت کو گرایا گیا۔ کمل ناتھ حکومت گرانے میں سندھیا کی اس لیے مدد لی گئی کیونکہ ان کے بغیر حکومت نہیں گر سکتی تھی۔ کانگریس میں کوئی نااتفاقی نہیں تھی، حکومت کے پاس مکمل اکثریت تھی۔


Share: